اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی قانونی حیثیت اور جعلی سرٹیفکیٹس جاری کرنے سے متعلق دائر درخواست خارج کردی۔ چیف جسٹس انور ظہیرجمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ناصر کھوکھرکی درخواست پر سماعت کی تو پی ایم ڈی سی کے وکیل نے مئوقف اختیار کیا کہ شفاء انٹرنیشنل کالج کو بند نہیں کیا جا سکتا کسی ڈاکٹر کا سرٹیفکیٹ جعلی یا غیر مستند ہونے کی سزا پورے ادارے کو کیسے دی جاسکتی ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یوں معلوم ہوتا ہے کہ مدعی نے ذاتی مفادات کی بناء پر درخواست دائر کی ہے مگر قانون کسی کی خواہشات پر نہیں چلتا۔ عدالت نے مدعی کی جانب سے پی ایم ڈی سی کی قانونی حیثیت کے خلاف نوٹس لینے کی اپیل بھی خارج کرتے ہوئے حکم دیا کہ کسی بھی جعلی سرٹیفکیٹ رکھنے والے ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے ادارے کو سزا نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی کسی ادارے کو بند کیا جاسکتا ہے۔