کراچی(کامرس رپورٹر) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ کی جانب سے 11 دسمبر سے 14 دسمبر تک ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس وصولی کی جاری روڈ چیکنگ مہم کا اختتام ہو گیا۔ مہم کے دوران مجموعی طور پر 13 ہزار سے گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور ان سے57 لاکھ روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا۔ یہ بات صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کہی گئی۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ کراچی میں 5678 گاڑیوں، حیدرآباد میں 2353 گاڑیوں، سکھر میں 2122، لاڑکانہ میں 1148، میرپورخاص میں 1258 اور شہید بے نظیر آباد میں 880 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ چیکنگ کے دوران665 گاڑیوں کو قبضے میں لیا گیا جبکہ 1232 گاڑیوں کے کاغذات بھی ضبط کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چار روزہ روڈ چیکنگ مہم کے دوران گاڑیوں سے 3387372 روپے ٹیکس، 1945997 روپے ود ہولڈنگ ٹیکس اور 424477 روپے جرمانہ وصول کیا گیا، اس طرح مجموعی طور پر 5757846 روپے ٹیکسز کی مد میں وصول کئے گئے۔