حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت) پریس کلب کے سامنے درجنوں افراد نے اپنے مسائل کے حل کے لئے مظاہرے کرتے ہوئے دھرنے دیئے۔ حیدرآباد کی د یہہ گنجو ٹکر میں محکمہ انسداد تجاوزات کی کاررائیوں اور مکانات کے انہدام کے خلاف متاثرین نے فراز حسین شاہ اور دیگر کی قیادت میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کی آڑ میں ان کے اسکیم کے تحت اسناد کے حامل مکانات بھی گرادیئے گئے ہیں جس کے باعث ایک طرف ان کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا تو دوسری جانب وہ بے گھر ہوگئے۔ انہوں نے سندھ ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لیکر انہیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن کی کال پر متحدہ لیبرز فیڈریشن اور سندھ شوگر ملز ورکرز فیڈریشن نے ورکرز ویلفیئر بورڈ میں مبینہ کرپشن کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر قموس گل خشک‘ اشرف راجپوت اور دیگر نے کہا کہ ملوں اور کارخانوں میں کام کرنے والے مزدور بچیوں کے جہیز‘ بچوں کی تعلیم کے لئے ملنے والی اسکالر شپ سلائی مشینوں اور دیگر قانونی حقوق و مراعات سے محروم ہیں جبکہ متوفی مزدوروں کی بیوائیں ڈیتھ گرانٹ کے حصول کے لئے دھکے کھانے پر مجبور ہیں تاہم انہیں جائز حق نہیں دیا جارہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں ان کے بچوں اور بیوائوں کے ان کے حقوق دیئے جائیں اور کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر مظاہرین نے ڈائریکٹر لیبر کے پتلے کو نذر آتش کیا۔ تحصیل دیہی حیدرآباد کے رہائشی افراد نے علاقے میں بنیادی سہولتوں کی عدم موجودگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر لطیف ملاح‘ سکندر ملاح‘ اشرف ملاح اور دیگر نے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد تحصیل دیہی کے بنیادی مسائل حل کئے جائیں اور علاقے میں ترقیاتی کام کرایا جائے۔
گنجو ٹکر میں محکمہ انسداد تجاوزات کی کاررائیوں اور مکانات کے انہدام کے خلاف پریس کلب کے سامنے دھرنے
Dec 16, 2017