لاہور+ساہیوال+ اوکاڑہ (آئی این پی+نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی ایک ذمے دار شخص ہیں وہ انفارمیشن کے بغیر نہیں بولتے، ان کی باتوں نے بہت سے سوالوں کو جنم دیا ہے، وزیر اعظم کچھ اور سپیکر کچھ اور کہہ رہے ہیں،مسلم لیگ (ن) والے لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانتے، احتجاج اور جلسے حکومت کے راستے کی رکاوٹ نہیں ہوتے،ہم کسی کو جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ دوسروں کی طرف بہت انگلیاں اٹھائی گئیں، قانون سب کے لیے ایک ہے، احتجاج اور جلسے حکومت کے راستے کی رکاوٹ نہیں ہوتے، ہمارے دور میں بھی احتجاج ہوئے لیکن ہم جاکر مسائل حل کرتے تھے، پیپلز پارٹی نے بہت سے کرائسس پر قابو پایا ہے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی صداقت اور ایک حقیقت ہے، ہم کسی کو جمہوریت کو ڈیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن والے لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانتے، وزیر اعظم کچھ اور سپیکر کچھ اور کہہ رہے ہیں، سپیکر اگر قوم کے سامنے بات نہیں کرسکتے تو پارلیمانی لیڈرز کو بتادیں۔دریں اثنا قمر زمان کائرہ جب لاہور سے جلوس کی شکل میں ساہیوال پہنچے تو پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر مہر غلام فرید کاٹھیا، ضلعی صدر چودھری شفقت جاوید اور سینکڑوں کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا جس کے بعد وہ ایک بڑے جلوس کی شکل میں 50 سے زائد گاڑیوں کے قافلے میں ملتان کیلئے روانہ ہوگئے۔
ایاز صادق کی باتوں نے بہت سے سوالوں کو جنم دیا : قمر زمان کائرہ
Dec 16, 2017