سرینا ولیمز اور سوتیلانا کزنٹسوا کی آئندہ برس آسٹریلین اوپن میں شرکت غیریقینی صورتحال کا شکار

Dec 16, 2017

میلبورن(اے پی پی) شہرہ آفاق امریکن ٹینس سٹار سرینا ولیمز اور سوتیلانا کزنٹسوا آئندہ برس شیڈول سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں شرکت کے حوالے سے غیریقینی صورتحال سے دوچار ہیں، دونوں کھلاڑیوں نے تاحال ایونٹ میں شرکت کا فیصلہ نہیں کیا۔ سرینا ولیمز نے رواں برس کے شروع میں ومبلڈن اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا جو کہ ان کا مجموعی طور پر 23واں گرینڈ سلام ٹائٹل تھا، ولیمز کے ہاں ستمبر میں بچی کی پیدائش ہوئی تھی۔ امریکن سٹار کے کوچ پیٹرک نے اپنے بیان میں کہا کہ 36 سالہ ولیمز 2018ءسیزن کیلئے تیاری کر رہی ہیں، انہوں نے پریکٹس کا آغاز بھی کر دیا ہے اور وہ بہت جلد انہیں جوائن کریں گے جس کے بعد ہم مشاورت سے آسٹریلین اوپن میں شرکت کا فیصلہ کریں گے۔ روسی کھلاڑی کزنٹسوا نے اپنے بیان میں بتایا کہ کلائی کی انجری کے بعد بحالی صحت کے عمل سے گزر رہی ہیں اسلئے ٹینس کورٹ میں واپسی کا کوئی صحیح وقت نہیں بتا سکتیں۔ واضح رہے کہ آسٹریلین اوپن 15 سے 28 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں