ملکی تاریخ میں پانچ بڑے فیصلوں کے لئے جمعہ کے دن کا انتخاب

Dec 16, 2017

لاہور (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کے خلاف عدالتی فیصلے کے لئے جمعہ کے دن کا انتخاب جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی نا اہل جمعہ کے روز ہی کیا گیا‘ پاکستانی تاریخ میں پانچ بڑے فیصلوں کے لئے بھی اسی دن کا انتخاب کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کے 13رکنی بنچ نے پرویز مشرف کے ہاتھوں معزول چیف جسٹس افتخار چوہدری کی بحالی کا فیصلہ20 جولائی 2007ء بروز جمعہ سنایا۔ سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویزمشرف کی 3 نومبر2007 کی ایمرجنسی اور پی سی او کو غیرآئینی قرار دینے کا تاریخی فیصلہ 31 جولائی 2009 بروزجمعہ کو ہی سنایا تھا۔ پانامہ کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ کے ججز کے پانچ رکنی پنچ نے نا اہل قرار دیا تھا اور ان کی نااہلی کا فیصلہ بھی 28 جولائی 2017ء بروز جمعہ کو سنایا گیا تھا۔ گذشتہ جمعہ کو سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت کو پراجیکٹ جاری رکھنے کا حکم نامہ دیا تھا۔ 15 دسمبر2017 بروز جمعہ کو سپریم کورٹ نے دو اہم کیسز کا فیصلہ سنایا۔ حدیبیہ پیپر ملز پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نیب کی اپیل مسترد کردی گئی جبکہ عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس میں عمران خان کیخلاف ن لیگ کی درخواست خارج کرتے ہوئے اہل اور جہانگیر ترین کو نااہل قرار دے دیا گیا۔

مزیدخبریں