لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلی شہبازشریف نے کہا ہے کہ حدیبیہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے نے حق وصداقت پرمبنی ہمارے موقف پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سچائی اور انصاف کی فتح ہے اور میں اس فیصلے پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کرتا ہوں۔ میں سپریم کورٹ کا شکرگزار ہوں جس کے فیصلے سے حق وانصاف کا بول بالا ہوا اور یہ حقیقت کھل کر سامنے آگئی کہ آخری فتح سچائی کی ہوتی ہے۔ آج کا دن میری سیاسی زندگی کا اہم ترین دن ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے میرے خلاف لگائے گئے الزامات غلط اور بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں اور ان کے کارکن ایک دوسرے کو کمزور کرنے کی کوششوں پر مبنی روایتی سیاست کو ترک کر کے اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اور غریب عوام کی حالت بدلنے کے لئے وقف کردیں۔ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی تیسری برسی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ16دسمبر 2014 کو سفاک درندوں نے آرمی پبلک سکول پشاور میں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا اور ان معصوم بچوں کے لہو سے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اکٹھی ہوئی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحاد اور اتفاق سے کئے جانے والے فیصلوں کے باعث شاندار کامیابیاں ملی ہیں اور آج وطن عزیز میں امن قائم ہوا ہے۔ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصدکے حصول کیلئے اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی اور بہادری وجرأت کی نئی تاریخ رقم کی۔ شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور رہیں گے۔ سانحہ اے پی ایس میں معصوم بچوں کی شہادت پر پوری قوم آج بھی سوگوار ہے اور قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔ شہداء کے خون سے قوم کو امن نصیب ہوا ہے۔ آرمی پبلک سکول کے بچوں نے محفوظ اور پرامن پاکستان کیلئے اپنے لہو سے تاریخ لکھی ہے۔ شہید بچوں کے خون کا قرض پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے اتارنا ہے۔ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیر اعلیٰ نے سینئر صحافی اور پی ایف یو جے کے سابق سیکرٹری محمد افضل خان اور سی پی این ای کے نائب صدر طاہر فاروق کے بھائی خالد فاروق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف