ٹنڈو محمد خان (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ٹنڈو محمد خان میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا ہے کہ سندھ دیگر علاقوں سے پیچھے رہ گیا۔ قوم تعلیم کی کمی کی وجہ سے وقت پیچھے رہ جاتی ہے۔ تعلیم میں پہلے پنجاب آگے تھا، اب خیبر پی کے آگے ہے۔ ہماری حکومت آئی تو سندھ میں تعلیم کا نظام ٹھیک کریں گے۔ خیبر پی کے میں سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پر خرچ کیا گیا۔ سندھ کے لوگ سب سے زیادہ پولیس کے نظام سے تنگ ہیں۔ خیبر پی کے میں لوگ پولیس کی عزت کرتے ہیں، یہاں پولیس سے ڈرتے ہیں۔ خیبر پی کے پولیس میں سیاسی منافرت نہیں، وہ کسی کے دبائو میں نہیں آتی۔ میں آئی جی سندھ کی رپورٹ پڑھ رہا تھا، 14 ہزار پولیس کے لوگوں پر کیس ہیں، خیبر پی کے میں پولیس کا نظام سب سے اچھا ہے۔ جب حکومت، وزیراعلی، وزیر غلط کام کراتے ہیں تو پولیس خود بھی لوگوں کو لوٹتی ہے۔ جب ہماری حکومت آئے گی ہم پولیس کو ٹھیک کرکے دکھائیں گے۔ پہلی بار حکومت سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیک کر رہی ہے۔ خیبر پی کے میں 3 ہزار ڈاکٹرز تھے آج 9 ہزار ڈاکٹر ہیں۔ کوئی طاقتور ظلم کرے تو ایسی پولیس ہو جو آپ کی حفاظت کرے کیا آپ کو سندھ کی پولیس پر اعتماد ہے؟ ٹنڈو محمد خان میں اگر فیکٹریاں لگیں تو لوگوں کو نوکریاں ملیں گی۔ کسی ملک میں روزگار نہیں ملتا جب تک اس ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہوتی۔ نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ روزگار ہے۔ سندھ میں جنگل کا قانون ہے جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے۔ جیسی کرپشن آج سندھ میں ہے یہاں کسی نے سرمایہ کاری نہیں کرنی۔ ٹنڈو محمد خان میں شوگر مل ایک وجہ سے بند پڑی ہے شوگر مل اس لئے بند ہے کیونکہ یہاں جنگل کا قانون ہے ایک طاقتور نے شوگر مل کو بند کرا دیا کیونکہ زرداری ایک اور شوگر مل لینا چاہتے ہیں۔ اس شوگر مل کا مالک سوچ رہا ہو گا کہ مل خیبر پی کے میں لگا لوں، وہاں کوئی دبائو نہیں۔ جب تک معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا خوشحالی نہیں آتی۔ پہلی بار حکومت سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیک کر رہی ہے۔ جب سرمایہ کاری ہو گی تو آپ کو نوکریاں ملیں گی۔ بڑے بڑے مگرمچھ پھر رہے ہیں آپ میرے ساتھ کھڑے ہوں ہم ان کا مقابلہ کریں گے۔ شوگر مل والے کسان پر ظلم کرتے ہیں گنے کی قیمت نہیں دیتے، طاقتور کسان سارا پانی لے جاتا ہے۔ چھوٹے کسانوں کو کوئی نہیں پوچھتا۔ اگر نااہل ہو جاتا تو بھی شریف مافیا کا پیچھا نہ چھوڑتا۔ ساری قوم دیکھ رہی ہے کیا نیب بڑے ڈاکوئوں کو پکڑے گی۔ لوگوں کو ایک ایک چیز کی سمجھ ہے۔ کوئی نیا پاکستان بننے سے نہیں روک سکتا۔ میں یہاں آتا رہوں گا اور آپ کا شکریہ ادا کرتا رہوں گا۔ علاوہ ازیں کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے نااہلی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیلنج کرتا ہوں سب سے زیادہ میں نے تلاشی دی ہے کہاںہیں میرے خلاف منی لانڈنگ کو شواہد،اتنی تلاشی کسی اور پارلیمینٹرین کی لی جاتی تو لگ پتہ جاتا جہانگیر ترین کو کرپشن پر نہیں بلکہ تکنیکی بنیاد پر نااہل قرار دیا ہے اور وہ اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل کریں گے۔ عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف ایک منشیات فروش نے مقدمہ دائر کیا کیونکہ ایک منی لانڈرر کو مقدمے کیلئے ایک منشیات فروش ہی مل سکتا تھا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میں جو بھی پیسہ کمایا باہر وہ سارا حلال تھا۔ میں نے سارے منی ٹریل اور 60 دستاویزات سپریم کورٹ کو فراہم کیں۔ سب کو پتا ہے قطری خط فراڈ تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے کرپٹ لوگ مجھے برا بھلا کہتے رہے۔ عمران خان نے جہانگیر ترین کی نااہلی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیرترین سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں تاہم سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرتے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت نے مجھے تلاشی کے بعد بری کیا۔
نااہل بھی ہو جاتا تو شریف مافیا کا پیچھا نہیں چھوڑتا‘ ترین سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں: عمران
Dec 16, 2017