لاہور (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بریت کے فیصلہ پر عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سپریم کورٹ کے ہر سوال کا جواب اور منی ٹریل دی، عدالتیں آزاد اور فیصلے میرٹ پر ہورہے ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے گزشتہ روز پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حدیبیہ کیس کے فیصلہ سے ثابت ہو گیا سپریم کورٹ کسی کے زیر اثر نہیں، حدیبیہ پیپر کیس نواز شریف کی نیب ٹیم نے کمزور کیا اور لاہور ہائیکورٹ میں فکس میچ کھیلا گیا۔ حدیبیہ کیس میں اول روز سے چور اور چوکیدار ملے ہوئے تھے اور جان بوجھ کر ریفرنس کو کمزور کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں ثبوتوں پر فیصلے دیتی ہیں، فائلیں تیار نہیں کرتیں جبکہ ثبوت اکٹھے کرنے والے اشرافیہ کی نوکری کرتے رہے، انہوں نے کہا کہ ثبوت جمع کرنا نیب کا کام تھا مگر چور اور چوکیدار ملے ہوئے تھے،نتیجہ خزانے کی تباہی کی صورت میں سامنے آیا۔انہوں نے کہاکہ اشرافیہ نے اس پورے نظام کو گندا کررکھا ہے اور گندی مچھلیاں تحقیقی اور تفتیشی اداروں میں بٹھا رکھی ہیں جو ان کیلئے کام کرتی ہیں۔یہ منصوبہ بندی کے تحت اشرافیہ کے خلاف کمزور کیس عدالتوں میں پیش کرتے اور بریت کے سرٹیفکیٹ لیتے ہیں، پہلی بار سپریم کورٹ کی مانیٹرنگ میں پاناما پر غیر جانبدار جے آئی ٹی بنی اور سارا ٹبر چور ثابت ہوا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ اے پی ایس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ اے پی ایس ناقابل فراموش، آج بھی شہداء کا بہنے والا خون آنکھوں سے سامنے ہے ۔ سانحہ کے پس منظر میں پوری قوم نے قومی ایکشن پلان مرتب کیا تھا اور توقع کی تھی کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جائے گی مگر درندہ صفت حکمرانوں نے قومی ایکشن پلان کو ناکام بنا کر سانحہ اے پی ایس کے معصوم شہداء کے خون سے غداری کی ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پنجاب میں آپریشن کی مخالفت سے لے کر فوجی عدالتوں کو بدنام اور ناکام کرنے تک ہر مرحلہ پر دہشت گردوں کی مدد کی ۔دہشت گردی کے خلاف صرف پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے قربانیاں دیں۔علاوہ ازیں طاہرالقادری سے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹائون اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات کی۔ فاروق ستار نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون سیاست سے بالاتر ہے۔ انصاف کے حصول کیلئے شہداء کے ساتھ ہیں۔ طاہرالقادری نے کہا کہ شہدا کے لواحقین ساڑھے 3 سال سے انصاف کے منتظر ہیں۔ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ قاتل سزا سے نہیں بچ سکتے۔
فاروق ستار کا فون: عمران نے ہر سوال کا جواب ‘منی ٹریل دی: طاہرالقادری
Dec 16, 2017