غزہ سٹی + مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی) امریکی صدر ٹرمپ کے اعلان القدس کے خلاف ہزاروں فلسطینیوں کا احتجاج جاری ہے اور گزشتہ روز احتجاج کے دوران اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 4 فلسطینی شہید اور 164 زخمی ہو گئے۔ 2 فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی‘ ایک کو مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں اور چوتھے کو رملہ میں شہید کیا گیا۔ غزہ اور مغربی کنارے اور دیگر علاقوں میں مظاہرے کئے گئے۔ مقبوضہ بیت المقدس کو ٹرمپ کی طرف سے اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد تشدد اور فضائی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے غزہ میں ہی 4 افراد کو شہید کر دیا گیا تھا۔ مصر میں قائم فلسطینی سفارتخانے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری حکام نے انہیں بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی کی بین الاقوامی گزرگاہ رفح کراسنگ کو آج ہفتے سے سوموار تک تین دن تک دوطرفہ آمدورفت کیلئے کھولا جائے گا۔ خیال رہے کہ رفح گزرگاہ کا کنٹرول گزشتہ ماہ کے اوائیل میں فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کیا گیا تھا۔ فلسطینی حکومت کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ گزرگاہ کو پندرہ نومبر تک مستقل بنیادوں پر کھول دیا جائے گا۔
مقبوضہ بیت المقدس: مظاہرے جاری‘ اسرائیلی فورسز نے مزید 4 فلسطینی شہید کر دیئے‘ درجنوں زخمی
Dec 16, 2017