ملتان (سپیشل رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت) شہر میں وی آئی پی پروٹوکول اور دھرنوں‘ ریلیوں اور جلسہ کے باعث شہری سخت اذیت اور تکلیف کا شکار ہو گئے۔ شہر کی مختلف سڑکیں اور شاہراہیں بند ہونے کے باعث گھنٹوں ٹریفک جام رہی۔ ایمبولینس بھی ٹریفک جام میں پھنس کر رہ گئی۔ کئی گاڑیوں کے پٹرول دوران ٹریفک جام ختم ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق ملتان شہر گزشتہ روز زبردست قسم کی سیاسی‘ مذہبی اور احتجاجی سیاست کا مرکز بنا رہا۔ گزشتہ روز ملتان میں پی پی پی کا جلسہ عام تھا۔ جلسہ میں شرکت کے لئے بلاول بھٹو سمیت سابق صدر آصف علی زرداری اور پی پی پی کے دیگر مرکزی قائدین ملتان پہنچ گئے۔ ان کی ملتان آمدکے موقعہ پر گیلانی ہا¶س اور اطراف کی سڑکوں کو بند کر دیا گیا۔ اسی طرح ان کے جلسہ گاہ پر جانے اور پھر واپسی کے لئے خصوصی سیکورٹی روٹس لگائے گئے تھے۔ اس دوران روٹ ابدالی روڈ‘ اولڈ بہاولپور روڈ اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کے اطراف جانے والی تمام سڑکوں کو بند کر دیا گیا جس کے باعث شہری خوار ہو کر رہ گئے۔ اسی طرح وکلاءنے اپنے مطالبات کے حق میں چوک کچہری کوبلاک کر رکھا تھا۔ اس دوران ان کے دھرنا کے باعث شدید ٹریفک جام ہو گئی جبکہ یوم تحفظ القدس کے نام پر چوک کچہری سے ہی مختلف ریلیاں نکل پڑیں جس کے باعث ایم ڈی اے چوک اور اطراف کی ٹریفک جام ہو گئی۔ اس دوران شہریوں کی پولیس سے تلخ کلامی اور توتکار بھی جاری رہی۔ شہریوں نے ٹریفک جام پر شدید احتجاج بھی کیا ہے۔
ملتان/ بلاک