اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) تنظیم شیعہ آئمہ مساجد پاکستان نے قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی جانب سے اعلان کردہ عالمگیرایام الحزن کی مناسبت سے جمعہ کو پورے ملک میں جامع مساجد میں خطبات کے دوران نگہبان رسالتؐ حضرت ابو طالب ؑ کی اسلام کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کیا ۔اس موقع پرعالم اسلام کیخلاف استعماری سازشوں بالخصوص امریکہ صدرکی جانب سے بیت المقدس کواسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کیخلاف صدائے احتجاج بلندکیاگیااور وطن عزیز پاکستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ردالفساد کی حمایت میں قراردادیں منظور کی گئیں ۔تنظیم کے چیئرمین حجۃ الاسلام سیدزین العابدین نقوی نے دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابو طالب ؑ مربی رسول ؐ اور پاسبان و پاسدار رسالت ؐ ہیں جنہوںنے مشکل ترین حالات میں اسلام کو افرادی قوت فراہم کرکے پیغام توحید کی حفاظت کا حق ادا کر دیا۔انہوںنے واضح کیا کہ اسلام امن و آشتی کا دین ہے جو ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے ۔