قائد اعظم ٹرافی سپرایٹ،نیاز سٹیڈیم میں پہلے روز 20 وکٹیں گر گئیں

Dec 16, 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی سپرایٹ مرحلے کا تیسرا راونڈ شروع ہو گیا۔ پہلے روز باولرز کا راج رہا۔ چار میچوں میں پہلے روز 55 وکٹیں گریں۔ نیاز سٹیڈیم حیدر آباد میں کھیلے جانے والے میچ کے پہلے روز 20 وکٹیں گر گئیں۔ جس میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور بلیوز کو کھیلنے کی دعوت دی۔ عزیز اﷲ کی شاندار باولنگ کے سامنے لاہور بلیوز ٹیم 89 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ رضا علی ڈار 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سوئی گیس کے عزیز اﷲ نے 19 رنز کے عوض پانچ، سمیع نیازی اور محمد عباس نے دو دو کھلاڑیوں کو ذوٹ کیا۔ جواب میں سوئی نادرن گیس ٹیم تین رنز کی سبقت حاصل کر کے 92 کے سکور پر آوٹ ہو گئے۔ لاہور کے اعزاز چیمہ نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جبکہ سوئی نادرن گیس کی جانب سے محمد رضوان 23 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہونے پر لاہور بلیوز نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 2 رنز بنا لیے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ایچ بی ایل اور لاہور وائٹس کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ جس میں ایچ بی ایل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 226 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ عماد بٹ 82 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے محمد وقاص نے 48 رنز سکور کیے۔ لاہور وائٹس کی جانب سے عدنان رسول نے چار اور اسفند مہران نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہونے وائٹس ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 24 رنز بنائے تھے۔ تیسرا میچ یو بی ایل گراونڈ کراچی میں کے آر ایل اور یو بی ایل ٹیموں کے درمیان شروع ہوا۔ جس میں کے آر ایل نے پہلے کھیلتے ہوئے تمام وکٹوں کے نقصان پر 151 بنائے۔ سیف بدر نے 53 ، لقمان بٹ نے 25 رنز سکور کیے۔ یو بی ایل کی جانب سے محمد اصغر، میر حمزہ اور سمین گل نییوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں دن ختم ہونے تک یو بی ایل نے دو وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا لیے تھے۔ شان مسعود 34 اور سعد علی نے 33 (ناٹ آوٹ) رنز بنائے۔ کے آر ایل کی جانب سے دونوں کو یاسر علی نے آوٹ کیا۔سٹیٹ بنک گراونڈ کراچی میں واپڈا کی پوری ٹیم 232 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ خالد عثمان نے 78، خوشدل شاہ نے 54 نمایاں رنز بنائے۔ سوئی سدرن گیس کی جانب سے کاشف بھٹی اور محمد عرفان جونیئر نے تین تین جبکہ عدنان غوث نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے جواب میں کھیل ختم ہونے تک دو وکٹوں کے نقصان پر 56 رنز سکور کر لیئے۔ سمیع اسلم 23 ناٹ آوٹ جبکہ عمر امین 21 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ 

مزیدخبریں