سیدہ سلونی بخاری کی یاد میں

میں آج ایسے گھر کو یاد کر رہی ہوں جہاں میں نے اپنی والدہ کی وہ آوازیں سنیں جو خواتین کی قیادت، عورتوں کو مضبوط کرنے اور انہیں ان کے حقوق فراہم کرنے کیلئے تھیں۔ میری والدہ سیدہ سلونی بخاری نے قوم کو تبدیل کرنے کیلئے ایک سفر کا آغاز کیا وہ تحریک انصاف کی بانی رکن ا ور اس پارٹی کا روشن ستارہ تھیں جنہوں نے اپنا سیاسی کیرئیر کسی بہت بڑے نام کے ساتھ شروع نہیں کیا بلکہ 21 سال پہلے تبدیلی لانے کے عزم کے ساتھ آگے آئیں۔ اُن کا یقین تھا کہ عمران خان کی شخصیت میں قیادت،ویژن اور تبدیلی کے نظریے کی جھلک موجود ہے۔ سیدہ سلونی بخاری نے اپنی توانائیوں اور جوش و جذبے کو نوجوان نسل کیلئے وقف کیا۔ خاص طور پر پاکستانی خواتین کیلئے جن کو انہوں نے معاشرے میں اپنے حقوق کی خاطر جدوجہد کرنے کیلئے منفرد پہچان دی۔ وہ جنگجو کے طور پر اپنی ز ندگی کے آخری دن تک عزت، وقار ا ور ایمانداری کے ساتھ لڑتی رہیں اور اس سیاست کا حصہ بنیں جس نے ملک میں تبدیلی کی نئی راہ متعین کر دی۔ انہوں نے سیاست میں ایک نئی جہت متعارف کرائی جس نے خواتین کو آگے بڑھنے اور ملکی سیاست میں عملی طور پر حصہ لینے کا حوصلہ دیا۔ وہ ہمیشہ باوقار انداز میں آگے بڑھتی رہیں اور کبھی کسی عہدے یا مرتبے کی خواہش نہیں کی بلکہ ہمیشہ تحریک انصاف کی سربلندی اور کامیابی کیلئے سرگرم عمل رہیں۔
اپنی کاوشوں کے ذریعے انہوں نے پارٹی میں کبھی نااُمیدی کو قریب نہیں آنے دیا حتیٰ کہ مشکل ترین دور میں بھی وہ جہد مسلسل میں مصروف رہیں۔ اُن کا ویژن پرامید رہنا اور لاکھوں لوگوں کے حقوق کیلئے عمران خان کی قیادت میں انصاف کی فراہمی کا حصول تھا۔ انہوں نے نئے پاکستان کے لئے عمران خان کے شانہ بشانہ دن رات کام کیا۔ اُن کی شخصیت کبھی بھی ہار نہ ماننے اور مایوس نہ ہونے کا درس دینے والی تھی۔ پارٹی کے لئے پرآشوب دور میں جب پاکستان تحریک انصاف اپنے قائد کے ساتھ تھی سیدہ سلونی بخاری ہمیشہ ڈٹی رہیں اور ملکی نظام میں موجود خرابیوں اور گورننس میں بہتری کے لئے آواز بلند کرتی رہیں۔ اُن کی ہر کاوش وطن عزیزکی خاطر تھی اور انہیں یقین محکم تھا کہ وہ دن ضرور آئے گا جس دن ملک میں تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا اور نیا پاکستان معرض وجود میں آئے گا۔ آج ایک برس ہو چلا ہے کہ وہ ہمیں چھوڑ کر جا چکی ہیں لیکن اُن کا مشن ہم سب کی نگاہوں کے سامنے ہے جس سے کبھی بھی انہوں نے صرف نظر نہیں کیا ہم سب سیدہ سلونی بخاری کو آج کے دن یاد کرتے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کے لئے اُن کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے…(آمین)

ای پیپر دی نیشن