لاہور، گجرات، سرگودھا ، اسلام آباد (خبرنگار+ایجنسیاں+ نامہ نگاران+نوائے وقت نیوز) ایف آئی اے نے لاہور اور گجرات کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مزید 19 سے زائد سکولوں اور اکیڈمیوں کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا جبکہ مختلف بنکوں کی 40 برانچوں سے سکولوں کی مالیاتی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئیں۔ ایف آئی اے کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر ایڈمیشن ٹیوشن سمیت ماہانہ فیسوں کے حوالے سے فرانزک آڈٹ کرنے کیلئے ریکارڈ قبضے میں لیا گیا ہے جس کی جانچ پڑتال کا کام بھی شروع ہوگیا ہے۔ ایف آئی اے نے ان سکولوں میں پڑھنے والے طالبعلموں کی تعداد فیسوں کا شیڈول اور ماہانہ فیس ٹیوشن فیس سمیت استادوں اور دیگر ملازمین کو دی جانے والی تنخواہوں کا ریکاڈ بھی قبضے میں لیا ہے جبکہ سٹیٹ بینک کی اجازت ملنے کے بعد ایف آئی اے نے گلبرگ، ماڈل ٹاﺅن، ڈیفنس، کیولری، شاہ جمال، سمن آباد، جیل روڈ سمیت دیگر علاقوں کے بنکوں کی 40 برانچوں سے تمام اکاﺅنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں۔ گجرات میں بھی ایف آئی اے نے 4 پرائیویٹ سکولز میں چھاپے مار کر اکاﺅنٹ اور کمپیوٹر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔دوسری سرگودھا میں چھاپوں کے باعث تعلیمی اداروں کے سربراہوں نے ریکارڈ غائب کر دیا اور طلباءو طالبات کو سختی سے منع کردیا ہے کہ وہ فیسوں کے بارے میں کسی بھی قسم کی بات نہ کریں۔ سرگودھا میں بڑے بڑے تعلیمی ادارے جو بچوں سے سالانہ لاکھوں روپے فیس وصول کررہے ہیں ان میں وہ تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں جو قائم ہوئے دو تین سال ہی ہوئے ہیں مگر ان تعلیمی اداروں کے سربراہوں نے اس قلیل عرصہ میں کروڑوں کی جائیدادیں بناکر تعلیمی ادارے قائم کرلئے ہیں جبکہ فرنچائز کے نام پر لوٹ مار کا سلسلہ بھی جاری ہے۔دریں اثنا سپریم کورٹ نے نجی سکولوں کی بھاری فیسوں میں 20 فیصد کمی کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے کو سکولوں کا ریکارڈ تحویل میں لینے کا حکم دیدیا۔ نجی سکولز آئندہ تعلیمی سال کیلئے 5 فیصد اضافہ بھی کرسکتے ہیں۔ تحریری فیصلے کے مطابق فیسوں میں 6 سے 8 فیصد اضافہ ریگولیٹری باڈی کی اجازت سے مشروط کیا گیا ہے جبکہ گرمیوں کی چھٹیوں کی وصول کی گئی فیس کو ایڈجسٹ کرنے کا دو ماہ میں والدین کو واپس کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ حکم کے مطابق کوئی بھی نجی سکول بند نہیں ہوگا اور نہ ہی کسی طالب علم کو نکالا جائے گا اور اگر سکول بند کیا گیا یا کسی بھی طالب علم کو نکالا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے ایف بی آر کو 22 تعلیمی اداروں کے ٹیکس کی جانچ پڑتال کرنے جبکہ ایف آئی اے کو ریکارڈ تحویل میں لینے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا عبوری حکم پہلے کے تمام احکامات پر تقویت رکھے گا۔
سکول چھاپے
لاہور، گجرات: مزید 19 سے زائد سکولوں کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا
Dec 16, 2018