لاہور(وقائع نگار خصوصی)سپریم کورٹ نے لاہور میں سرکاری جگہوں پر قائم تجاوزات خالی کرانے کیلئے دائر درخواست پر میونسپل کارپوریشن لاہور سے جواب طلب کر لیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں گزشتہ روز سید شعیب الدین احمد کی طرف سے درخواست دائر کی گئی جس میں موقف ا ختیار کیا گیا کہ ایک طرف کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے جبکہ لاہور میں درجنوں سرکاری اراضی پر تجاوزات قائم ہیں۔پورے لاہور خصوصاً اندرون شہر سرکلر گارڈنز پر کسی منظوری کے بغیر اڈے، دکانیں،مساجد،مدرسے،گرڈ سٹیشن، شیلٹر ہوم، پلازے، پارکنگ اور تھانے قائم ہیںجس سے ایک طرف حکومتی خزانے کو نقصان ہو رہا ہے جبکہ عوام مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے درخواست میں کہا لبرٹی چوک میں پارک کی جگہ پارکنگ، اپرمال میں نجی سکول کے عقب میں گرین بیلٹ پر پارکنگ قائم ہے۔شہر بھر میں اس طرح کی درجنوں تجاوزات ہیں۔ فاضل عدالت سے استدعا کی گئی تمام سرکاری اراضی پر قائم پارکنگ گرا کر جگہ خالی کرانے اور پارک بحال کرانے کا حکم دیا جائے۔