منڈی بہائوالدین(صباح نیوز) منڈی بہائوالدین میں ہیکرز نے اے ٹی ایم کے ذریعے شہری کے اکائونٹ سے ڈھائی لاکھ روپے نکال لیے، متاثرہ شہری نے کارروائی کے لیے پولیس کو درخواست دے دی۔ منڈی بہائو الدین کے علاقے گوڑھا محلہ کے رہائشی امجد حسین نے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا ہے کہ انہیں موبائل پر میسج ملا کہ ان کے اکائونٹ سے ڈھائی لاکھ روپے نکلوائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے متعلقہ بینک کے اے ٹی ایم جا کر اپنا بیلنس چیک کیا تو اکائونٹ سے رقم غائب تھی، اس حوالے سے انہوں نے بینک انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا۔ بینک انتظامیہ نے کہا کہ ریکارڈ کی چیکنگ پر ہیکنگ کا علم ہوا، معاملہ فراڈ مینجمنٹ یونٹ کو بھجوا دیا گیا۔