پہلا ٹیسٹ ‘سری لنکاکے نیوزی لینڈ کیخلاف 9 وکٹوں پر 275 رنز

Dec 16, 2018

لاہور (سپورٹس ڈیسک)سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنا لئے ۔ ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 9 کے سکور پر 3 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، گونا تھلیکا اور دھنن جایا ڈی سلوا ایک، ایک اور کوسل مینڈس 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ کرونارتنے اور میتھیوزنے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 133 رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، 142 کے مجموعی سکور پر واگنر نے کرونارتنے کو آئوٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی ‘انہوں نے 79 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان دنیش چندیمل بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 6 رنز بنا کر سائوتھی کی گیند کا نشانہ بنے، 187کے سکور پر سری لنکا کی چھٹی وکٹ گری جب میتھیوز 83 رنز بنانے کے بعد سائوتھی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔دلروون پریرا نے نیروشن ڈکویلا کا ساتھ دینے کی کوشش کی لیکن 223 کے سکور پر کولن ڈی گرینڈ ہوم نے پریرا کو آئوٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 16 رنز بنائے، سرنگا لکمل 3 اور راجیتھا 2 رنز بنا کر چلتے بنے۔پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 9 وکٹوں پر 275 رنز بنا لئے، ڈکویلا 73 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، ٹم سائوتھی نے 5 نیل واگنر نے 2، ٹرینٹ بولٹ اور گرینڈ ہوم نے ایک، ایک وکٹ لی۔

مزیدخبریں