لاہور(سپورٹس رپورٹر)کراچی میں تعینات افغان قونصل جنرل رحمت اللہ قطرہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں کرکٹ کو دوام بخشنے میں پاکستان کا اہم کردار ہے راشد لطیف اور انضمام الحق کی کوچنگ کی بدولت افغان کرکٹرز کے کھیل میں نکھار پیدا ہوا۔کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں استحکام پیدا کرنے میں کرکٹ اہم کردار ادا کرسکتی ہے، خواہش ہے کہ دیگر شعبوں کے طرح کھیل خاص طور پر کرکٹ کے میدان میں تعاون کو تقویت دی جائے، کراچی میں 10 برس کے بعد ٹیسٹ میچ کا انعقاد خوش آئند ہے۔افغانستان انٹرنیشنل کرکٹ میں تیزی کے ساتھ اپنا مقام بنا رہا ہے، راشد خان سمیت دیگر افغان کرکٹرز نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور تہذیب، ثقافت اور روایات یکساں ہیں، کراچی شہر ایک خوبصورت شہر ہے جو اب امن کا گہوارہ بن کر ترقی کی راہ پر چل نکلا ہے، کراچی میں 10 برس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کا انعقاد مسرت کن ہے جس سے کرکٹ کے دلدادہ شہریوں کو بہترین تفریح میسر آئے گی۔