لاہور(سپورٹس ڈیسک )سابق بھارتی کرکٹر پروین کمار مشکل میں پڑ گئے۔ دیپک شرما نامی شخص نے پولیس کو پروین کمار کیخلاف شکایت درج کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بیٹے کے ہمراہ جارہے تھے کہ اس دوران نشے میں دھت پروین کمار گاڑی سے باہر نکلے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ پروین کمار کے تشدد سے اس کا بازو ٹوٹ گیا جبکہ بیٹا بھی زخمی ہوا اور سابق کرکٹر تضحیک آمیز سلوک کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دھمکیاں بھی دیتا رہا۔شہری نے بتایا کہ پولیس کو تحریری شکایت درج کرائی مگر مقدمہ درج نہیں کیا گیا، پولیس ہائی پروفائل کرکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کررہی ہے۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تفتیش کررہے ہیں ، دونوں پڑوسی ہیں اور ان کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف شکایات آئی ہیں، ان کے موقف کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھ رہی ہے اور معاملے کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔