لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 19 دسمبر سے 23 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جس سے متعلق کراچی میں خصوصی ٹریفک پلان کا اعلان کردیا گیا ہے۔کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے میچ کے لیے خصوصی پلان ترتیب دے کر متبادل راستوں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ شائقین کرکٹ کے لیے ایکسپو سینٹر، اتوار بازار، رانا لیاقت گرلز کالج گراونڈ میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، میچ دیکھنے کے لییاسٹیڈیم آنے والے شائقین کو اپنے ساتھ اصلی قومی شناختی کارڈ لانا ہوگا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حبیب ابراہیم رحمت اللّٰہ روڈ پر سٹیڈیم فلائی اوور سے سرشاہ سلیمان روڈ جانب حسن سکوائر ٹریفک کے لیے بند رہے گا، حسن سکوائر فلائی اوور سے سٹیڈیم روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔حبیب ابراہیم رحمت اللّٰہ روڈ سے آنے والے شہری نیشنل سٹیڈیم انٹرسیکشن سے بائیں جانب آغا خان ہسپتال، نیو ٹاون اور دائیں جانب ڈالمیا سے ملینیئم کا راستہ اختیار کرسکیں گے جبکہ ملینیئم سے ہوتے ہوئے حسن سکوائر جانے والے شہری نیو ٹاون کا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی جانب جاسکتے ہیں۔نیوٹاون سے آغا خان ہسپتال سے ہوتے ہوئے حسن سکوائرجانے والے شہری ملینیئم کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں، سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد 10 نمبر سے حسن سکوائر، پیپلز چورنگی سے یونیورسٹی روڈ، کارساز سے سٹیڈیم ، ملینیئم سے نیوٹاون ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ شائقین کو پارکنگ سے شٹل سروس کے ذریعے سٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔