نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ

Dec 16, 2019

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تمام کوچز کی کارکردگی کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کی کارکردگی کا جائزہ انگلینڈ کے سابق ڈائریکٹر پرفارمنس ڈیوڈ پرسنس کی رپورٹ کی روشنی میں لیا جائے گا۔ پی سی بی نے چند ماہ قبل جائزہ رپورٹ کیلئے ڈیوڈ پرسنس کی خدمات حاصل کی تھیں، ڈیوڈ پرسنس نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ہائی پرفارمنس سنٹرز کو جدید بنیادوں پر چلانے کیلئے تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اب بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا پلان تیار کر لیا گیا ہے، ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر اپنے عہدے میں توسیع نہ لینے کا پہلے ہی فیصلہ کر چکے ہیں اور انہوں نے بورڈ کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق مدثر نذر کا معاہدہ اگلے برس مئی میں ختم ہو رہا ہے لیکن امکان ہے مدثر نذر وقت سے پہلے ہی عہدہ چھوڑ دیں گے تاکہ پی سی بی کو اپنی نئی پالیسی لاگو کرنے میں آسانی ہو۔

مزیدخبریں