اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) تحریک تکمیل پاکستان کے چیئرمین راجہ مجاہد افسر نے کہا کہ اپنوں کی غیر ذمہ داری ، نالائقی اور غیروں کی سازشوں کے نتیجے میں قائد اعظم کا پاکستان 16دسمبر1971 کو دولخت ہو گیا دشمن کی سازش کامیاب ہو گئی ۔مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے راجہ مجاہد افسر نے کہا کہ کشمیر تو ہمیشہ سے سلگتا انگارہ تھا ہی اُس نے اپنا رُخ مشرقی سرحد سے آگے بڑھ کر ایک دوسری طرف سے وار کرنے کے لیے شمال مغرب کی طرف موڑ دیا اور افغانستان کے راستے پاکستان کے شمال مغربی سرحدی یعنی قبائلی علاقوں کی طرف سے مداخلت شروع کردی یہاں اُس نے افغانستان میں اپنے لوگوں کو تعمیر نو کے کاموں کے بہانے اندر کیا اور پاکستانی سرحد کے ساتھ ساتھ اپنے ایک درجن سے زائد قونصل خانے بنائے اور پاکستان اور افغانستان کی دشوار اور کٹی پھٹی سرحد کا بھی فائدہ اُٹھایا۔پاکستان ڈیڑھ دو دہائیوں تک اس پرائی جنگ کا مقابلہ کرتا رہا اور اُس نے ہزاروں قیمتی جانوں کی بھی قربانی دی اور وسائل کی تباہی بھی ہوتی رہی لیکن ایک بار پھر سولہ دسمبر کی تاریخ کا انتخاب کیا گیا اور ایک ایسی شرمناک دہشت گرد کاروائی کی گئی کہ جس کی تاریخ میں کم ہی کوئی مثال ملے گی اور وہ تھی ایک سکول کے بچوں پر حملہ اور اُن کا بے دریغ قتل۔ راجہ مجاہد افسر نے اساتذہ کرام اور اہل فکر سے اپیل کہ وہ آگے بڑھ کر نئی نسل کو تحریک پاکستان اور قیام پاکستان سے آگاہ کرتے رہیں ِ۔