اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کہا ہے کہ شام کے علاقے گولان کی حیثیت تبدیل کرنے کے لئے اسرائیلی حکومت کے تمام اقدامات منسوخ اور کالعدم ہیں۔ شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کر کے شام کے علاقے گولان پر اپنا غاصبانہ قبضہ مضبوط بنانے کے لئے اسرائیلی حکومت کے اقدامات کو بین الاقوامی قوانین اور عام شہریوں کی حمایت پر مبنی جنیوا معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور اس اقدام کی مذمت کی ہے۔مقبوضہ علاقہ گولان کے زیرعنوان منظور ہونے والی اس قرار داد کے حق میں 157 ووٹ پڑے جبکہ20 ملکوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور امریکہ و اسرائیلی حکومت نے اس قرارداد کی مخالفت کی۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت اور ان کی بہبود کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی اونروا کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان فرحان الحق نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری اونروا کے حوالے سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرنا ہوں گے تاکہ یہ ادارہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اپنی ذمہ داریاں اور سروسز فراہم کرنے میں کامیاب ہوسکے۔