بھارت نہ صرف اقتصادی بلکہ سیاسی طورپر بھی الگ تھلگ ہے: چدمبرم

Dec 16, 2019

نئی دہلی(آئی این پی ) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت میں کساد بازاری کی وجہ سے ملک نہ صرف اقتصادی طور پر بلکہ سیاسی طور پر بھی الگ تھلگ ہو گیا ہے اور پوری دنیا پوچھ رہی ہے کہ آخر ہندوستان میں کیا ہو رہا ہے۔ چدمبرم نے رام لیلا میدان میں کانگریس کی 'بھارت بچاؤریلی' سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھ سال پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی نے مسٹر مودی کی قیادت میں جب اقتدار سنبھالا تو ملک اقتصادی اور سیاسی طور پر مضبوط تھا اور ترقی کے راستے پر تیزی سے بڑھ رہا تھا لیکن گزشتہ چھ سال میں خاص طور پر گزشتہ چھ ماہ میں ملک کی حالت بہت خراب ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی قیادت والی حکومت نے 10 سال کی حکمرانی میں 14 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالا تھا اور مودی حکومت کو ایک مضبوط ہندوستا ن سونپا تھا لیکن آج معیشت کی حالت بہت خراب ہو گئی ہے اور ہر دن اقتصادی سطح پر بری خبر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی سطح پر اس ملک کو بابائے قوم مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو اور بابا صاحب ڈاکٹر بھیم را امبیڈکر کے ہندوستان کے بجائے گولوالکر اور ساورکر کے نظریات کا ملک بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اقتصادی اور سیاسی سطح پر غیر مستحکم ہو گیا ہے اور پوری دنیا میں ہم اکیلے پڑ گئے ہیں۔جموں و کشمیر میں حالات ٹھیک نہیں ہے اور شمال مشرقی جل رہا ہے۔

مزیدخبریں