اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت نے سابق امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ ہنری کسنجر کے1971 سے متعلق انکشافات پر تحقیقات کی درخواست ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے خارج کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کو معاملے کی تحقیقات کے لیے درخواست دی مگر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے ملک کی سکیورٹی اور استحکام اتنا کمزورنہیں ہے کہ ایک کتاب سے اس کو فرق پڑے عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا حمود الرحمن رپورٹ آپ نے پڑھی ہے؟ پہلے وہ پڑھیں کسی کے بیان سے آپ نے سیاسی سوال اٹھایا ہے یہ سیاسی سوالات پارلیمنٹ کو دیکھنے ہوتے ہیں آپ جائیں جو آپ کے حلقے کے نمائندے ہیں وہ اس کو پارلیمنٹ کے سامنے رکھ سکتے ہیں اس قسم کی درخواستیں عدالتوں کے دائرہ کار میں نہیں آتیں، عدالت نے درخواست مستردکردی۔ واضع رہے کہ ملک مشتاق احمد نامی شہری کی طرف سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیاتھا کہ ہنری کسنجر نے کہا یحییٰ خان یقین دہانی کروا چکے تھے بنگلہ دیش کو آزادی دیں گے ان متنازعہ معاملات کی عدالت کمشن بنا کر تحقیقات کروائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ ہنری کسنجر کے71سے متعلق بیان پپرتحقیاکی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج
Dec 16, 2020