وزیراعظم انسداد کرپشن کا مینڈیٹ لیکر آئے، کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: فردوس عاشق 

Dec 16, 2020

لاہور (نیوزرپورٹر) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرپشن پہ کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعظم کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ لے کر آئے۔ عمران خان کا مشن کرپٹ عناصر کا خاتمہ ہے۔ راجکماری کے چہرے سے شکست کے آثار چھلک رہے ہیں۔ اپوزیشن کا کرپٹ ٹولہ عوامی ہمدردی کیلئے صفائیاں پیش کر رہا ہے۔ اپوزیشن ممبران کرپٹ ٹولے کی سیاست چھوڑ کر عوام، ملکی مفاد کی بات کریں۔ عوام نے اپنے مسائل کے حل کیلئے ان کو اسمبلیوں میں بھیجا۔ اس ٹولے نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی سیاست کی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا  کہ سب نے دیکھا راجکماری نے عوام کو گمراہ کیا۔ ان کے چہرے سے شکست کے آثار واضح ہیں۔ اپوزیشن کا کرپٹ ٹولہ عوامی ہمدردی کیلئے صفائیاں پیش کررہا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرپشن پہ کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مینار پاکستان جیسے مقدس مقام پر اپوزیشن عناصر کی غلاظت کو قوم نے دیکھا۔ کنیز اول کہہ رہی ہے کہ جلسے کے خوف سے مقدمات درج کروائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عاقبت نا اندیش ٹولے نے ہٹ دھرمی سے عوام کو کرونا میں مبتلا کرنے کی کوشش کی۔ لاہور میں کرونا مریضوں کی تعداد 62 ہزار 483 تک پہنچ چکی ہے جبکہ پنجاب میں کرونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 138 ہو گئی ہے۔ عوام کے تعاون سے کرونا پر منفی سیاست کرنے والوں کو بھی شکست دیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کے ہمراہ ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا راجکماری کی کنیز اول جلسہ کی ناکامی کے بعد حکومت پر انگلیاں اٹھا رہی ہیں۔ جبکہ لاہور جلسہ کی سچائی دکھانے پر راجکماری صاحبہ میڈیا پر بھی برہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جلسہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔ قانون کی خلاف ورزی پر جلسہ منتظمین اور ن لیگی رہنماؤں پر مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمات میں قومی اثاثہ کو نقصان پہنچانے، مینار پاکستان کے داخلی گیٹ کے تالوں کو توڑ کر زبر دستی داخل ہونے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سے متعلق مختلف قوانین کی شقیں شامل ہیں۔  حکومت نے قانون کی بالا دستی کو یقینی بنانا ہے۔ا ن شخصیات کو قانون کے تابع کرنے کے لئے مقدمات درج ہوئے جنہوں نے قانون کو اپنے گھر کی لونڈی بنایا ہوا تھا۔ حکومت نے اپنا کام کر لیا اب عدالتوں میں کیسز چلیں گے۔ بلاول کی شہباز شریف سے ملاقات کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ بلاول کو پہلے ہی نائب صدر کے بجائے (ن) لیگ کے صدر سے بات کر نی چاہئے تھی۔

مزیدخبریں