نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے نے دھند کم ہونے پربند حصوں کو دوبارہ کھول دیا

Dec 16, 2020

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے شدید دھند کے باعث بند کئے گئے موٹروے کے حصوں کو دھند کم ہوتے ہی دوبارہ کھول دیا ہے۔ ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق موٹر وے ایم ون پشاور سے برہان اور سوات موٹروے کو شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا جسے اب صورتحال میں بہتری آنے کے بعد کھول دیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ سفر کرنا بے حد مقصود ہو توگاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب درمیانی فاصلہ رکھیں۔ ترجمان نے کہا کہ بہتر ہے سفر شروع کرنے سے پہلے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی موبائل فون ایپلی کیشن ہمسفر، ایف ایم ریڈیو 95 یا ہیلپ لائن130 پر رابطہ کر لیں تاکہ دوران سفر کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔ ترجمان کہا کہ شدید دھند کی وجہ سے موٹر وے پر جب حد نگاہ انتہائی کم رہ جائے تو اس پر سفر کرنا کسی خطرے سے کم نہیں ہوتا اس لئے  مسافروں کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے موبائل ایپلی کیشن پر دھند کی تازہ رپورٹ سے آگاہی بھی دی جا رہی ہے جبکہ موٹر وے کے شدید دھند کی لپیٹ میں آنے والے حصوں کو بند کر دیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں