مسافروں کا تحفظ اور بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں:وزیرریلوے

Dec 16, 2020

لاہور (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے ریلوے کا چارج سنبھالنے پر ٹرین آپریشن کے تحفظ کے حوالے سے وزارت ریلوے میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مسافروں کا تحفظ اور ان کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وفاقی وزیرریلوے محمد اعظم خان سواتی کو سیکرٹری /چیئرمین ریلوے حبیب الرحمن گیلانی اور ڈائریکٹر جنرل آپریشنز وزارت ریلوے کی جانب سے ٹرین آپریشنز اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی۔وزیر ریلوے نے کہا کہ مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کسی بھی حادثے سے بچنے کیلئے نگرانی کے آلات نصب کرنے پر بھی ز ور دیا۔ کسی بھی حادثے کی صورت میں حقائق اور وجوہات جاننے کیلئے تھرڈ پارٹی انکوائری کو یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر سیکرٹری/چیئرمین ریلوے حبیب الرحمن گیلانی نے وزیر ریلوے محمداعظم خان سواتی کو حکومت پنجاب کی جانب سے استعمال کی جانے والی گرے سپاٹس یعنی جیو ٹیگنگ کی تنصیب کے حوالے سے بریف کیا۔

مزیدخبریں