مخدوم سید احمد سے ملاقات‘عمران لانگ مارچ سے پہلے استعفا دے دیں،بلاول 

Dec 16, 2020

رحیم یار خان ( احسان الحق سے ) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے پی پی پی سندھ حکومت سمیت بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لئے تیار ہے اور فروری میں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہونے والا لانگ مارچ دراصل عمران خان کے لئے ڈبل مارچ ہو گا۔گزشتہ روز بلاول ہاوس لاہور میں پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے چاروں صوبوں میں ہونے والے بڑے بڑے جلسے دراصل عوام کا موجودہ حکومت پر عدم اعتماد ہے اس لئے عمران خان کو چاہیئے کہ وہ لانگ مارچ سے پہلے ہی استعفی دے دیں تاکہ ملک میں نئے منصفانہ انتخابات کے ذریعے حقیقی جمہوریت بحال ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ ایک تاریخی جلسہ تھا لیکن اسے خواہ مخواہ متنازعہ بنایا جا رہا ہے اس موقع پر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پی پی پی پہلے سے زیادہ ابھر کر سامنے آ رہی ہے اور 30 نومبر کو تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ہونے والا پی ڈی ایم کا بھر پور جلسہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں پی پی ہی جنوبی پنجاب میں ریکارڈ کامیابی حاصل کرے گی اس موقع پر ایم این اے مخدوم سید مرتضی محمود  سید علی محمود اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں