واشنگٹن+ماسکو+بیجنگ (شنہوا+ این این آئی)نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ نے امریکی عوام کے فیصلے کا احترام کرنے سے انکارکیا۔ پہلی بار انتہائی سخت تنقید کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنا ری پبلکنز کی جانب سے آئین اور عوام کے فیصلے سے انحراف ہے۔ ٹرمپ نے کہاکہ ان کا ابھی عالمی وبا کرونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگانے کا کوئی ارادہ نہیں۔روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کو ان کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد کاٹیلی گرام بھیجا ہے۔منگل کو کریملن نے ایک بیان میں بتایا کہ ٹیلی گرام میں پیوٹن نے بائیڈن کی کامیابی کا خیر مقدم کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ اختلافات کے باوجود روس اور امریکہ عالمی سلامتی اور استحکام کے ذمہ دارہونے کے ناطے اس وقت دنیا کو درپیش بہت سارے چیلنجز کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ بائیڈن کے ساتھ بات چیت اور رابطے کیلئے تیار ہیں۔ ادھرچینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین اور امریکہ کو باہمی تعلقات میں صحت مند اور مستحکم ترقی کو فروغ دینے کیلئے بات چیت اور رابطوں کو مستحکم کرنا چاہئے۔ترجمان وانگ وین بن نے منگل کو ان خیالات کا اظہار امریکی صدارتی انتخاب کے مصدقہ نتائج کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں روزانہ کی پریس بریفنگ میں کیا۔ وانگ نے کہاکہ چین نے امریکہ کے انتخابی نتائج کو دیکھا ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ نے25 نومبر کو جو بائیڈن کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکبادکا پیغام بھیجا تھا۔ دونوں ممالک سے عدم تنازعہ،عدم تصادم ، باہمی احترام اور یکساں مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے ، تعاون پر توجہ مرکوز رکھنے اور اختلافات کو حل کرنے پر زور دیا تاکہ باہمی تعلقات میں مستحکم اور مستعد ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔
انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنا آئین سے انخراف، بائیڈن : پیوٹن کی مبارکباد
Dec 16, 2020