پہلی فوجی کالونی کیلئے 25ایکڑ کی نشاندہی : آسیہ اندرابی کی جیل میں حالت تشویشناک

Dec 16, 2020

سری نگر (نوائے وقت رپورٹ+ انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں فوج کی جانب سے محاصرے اور تلاشی آپریشن کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ 4 سال سے غیرقانونی طورپر نظربند دختران ملت آسیہ اندرابی کی حالت تشویشناک قرار دیدی گئی ہے۔انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی بھارت کی جیل میں چار سال سے جاری غیر قانونی نظربندی کے دوران انکی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احسن اونتو نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ آسیہ اندرابی اس وقت نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند ہیںاور وہ ذہنی اور جسمانی عارضوں میں مبتلا ہیںجبکہ جیل انتظامیہ انہیں علاج معالجے سمیت بنیادی سہولیات سے مسلسل محروم رکھے ہوئے ہیں۔ آسیہ اندرابی کو سانس میں لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے اور انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیاگیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وہ دمہ کے مرض میں بھی مبتلا ہیں اور آسیہ اندرابی سمیت غیر قانونی طورپر نظربند تمام کشمیری نظربندوںکے ساتھ روا رکھے جانیوالاامتیازی سلوک پر شدید تشویش ظاہر کی ۔ احسن اونتو نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے ان کے خلاف استعمال کئے جانے والے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے بارے میں اپنی آواز بلند کریں۔ انہوںنے خبردار کیاکہ اگر آسیہ انداربی ، فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین اورتہاڑ جیل میںنظربند دیگر کشمیری سیاسی رہنمائوںکے ساتھ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائدہو گی ۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے  جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیاکشمیری عوام کے خلاف جعلی مقدمات بنانا مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ ہے جو حق خودارایت کے حصول کیلئے حریت قیادت کے عزم کو توڑنے کیلئے اپنے تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو استعمال کررہی ہے۔ کشمیریوں کی جائز اور اصولی جدوجہد کو بدنام کرنے کیلئے بھارت اپنی تحقیقات ایجنسیوں کو استعمال کر رہا ہے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ 5 اگست 2019 سے اب تک 13ہزار سے زیادہ کشمیریوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالا جاچکا ہے جبکہ کشمیر میں گزشتہ 30 سال کے دوران ایک لاکھ 61ہزار163 افراد کو گرفتار کیا گیاہے۔ تاہم حریت قیادت پرعزم ہے کہ وہ این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائیوں سے اپنے مشن سے دستبردار نہیں ہوگی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کو جھوٹے اور من گھڑت الزامات کے تحت گرفتارکیاجارہاہے۔ سابق بھارتی فوجیوں کیلئے پہلی کالونی کی تعمیر کے لئے بڈگام میں25ایکڑ اراضی کی نشاندہی کر لی گئی، ایک سینئر کشمیری حکومتی عہدیدار نے بتایا سابق فوجیوں اور انکے خاندانوں کو آباد کرنے کے لئے یہاں پہلی کا لونی بنا رہے ہیں،بیورو کریٹک پراسیس مکمل کرنے کے بعد ٹرانسفر کا عمل شروع ہو گا۔

مزیدخبریں