لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ عثمان بزدار اسلام آباد میں شیر باز خان مزاری مرحوم کی رہائش گاہ پر گئے اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہارکیا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 16دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا۔ قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ بچوں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ اور پرامن پاکستان کی تاریخ لکھی۔ محفوظ اور پرامن پاکستان کی بنیادوں میں بچوں کا خون شامل ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی قعطاً گنجائش نہیں۔ برداشت اور میانہ روی پر مبنی معاشرے کے قیام کا عظیم مقصد ضرور حاصل کریں گے۔ ہمیں آج اسی اتحاد کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کرنا ہے جس کی خاطر معصوم بچوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔ ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مینار پاکستان کے ناکام شو کے بعد منفی سیاست سے توبہ کر لے کیونکہ عوام نے اپوزیشن کی کرپٹ قیادت کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے۔ جلسوں کی طرح پی ڈی ایم کی استعفیٰ پولیٹکس بھی بری طرح ناکام ہو گی اور اب ملک میں صرف ترقی اور عوامی منصوبوں کی سیاست چلے گی۔ عوام کی حمایت سے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کے خلاف ہر سازش ناکام بنائی۔ عوامی ترقی کے راستے میں اپوزیشن کے منفی حربے برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ مینار پاکستان کے ناکام شو کے بعد اپوزیشن کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں اور استعفوں اور لانگ مارچ کی سیاست میں کوئی جان نہیں اور ان میں استعفیٰ دینے کی ہمت ہے نہ لانگ مارچ کرنے کا حوصلہ۔ اپوزیشن 2023تک صبر اور آرام کرے۔ عوام کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ڈیرہ مراد جمالی میں میر عمر خان جمالی کی رہائش گاہ پر گئے۔ عثمان بزدار اور صادق سنجرانی نے سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کے انتقال پر بیٹے میر عمر خان جمالی اور سوگوار خاندان سے افسوس کا اظہار کیا۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے لاہور میں 3500 اپارٹمنٹس کے منصوبے کی تفصیلات جاری کر دیں۔ وزیراعلیٰ نے ٹویٹ میں کہا ہے اپارٹمنٹس نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت بنائے جا رہے ہیں۔ ایک اپارٹمنٹ کی قیمت 27 لاکھ 6 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ شہری 20 سال کی آسان اقساط پر اپارٹمنٹ خرید سکتے ہیں۔ شہریوں کو ماہانہ 16 ہزار روپے قسط ادا کرنی ہوگی۔ اپارٹمنٹ کا رقبہ 650 سے 2200 سکوائر فٹ ہوگا۔ اپارٹمنٹس کو ائر پورٹ اور رنگ روڈ تک رسائی دی جائے گی۔عثمان بزدار اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کراچی میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اﷲ زہری کی رہائش گاہ پہنچے۔ عثمان بزدار اور صادق سنجرانی نے بیٹی کے انتقال پر ثناء اﷲ زہری اور سوگوار خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
استعفے دینے کی ہمت نہ لانگ مارچ کا حوصلہ، اپوزیشن 2023ء تک صبر اور آرام کرے: عثمان بزدار
Dec 16, 2020