لاہور (کامرس رپورٹر)رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں کمرشل بینکوں کے ڈپازٹس میں رکارڈ اضافہ ہو گیا ہے ,پانچ ماہ میں 612 ارب روپے جمع کرائے گئے, نجی شعبے نے نیا قرض بھی نہیں لیا ,بینکوں کی طرف سے حکومت کو رقم کی فراہمی جاری رہی۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران کمرشل بینکوں کے ڈپازٹس میں موجود رقم میں مجموعی طور پر 611 ارب 80 کروڑ 40 لاکھ روپے کا اضافہ رکارڈ کیا گیا اور ان کا حجم 168 کھرب 40 ارب 84 کروڑ روپے ہو گیا,گزشتہ سال اس عرصے میں بینکوں کے ڈپازٹس میں 146 ارب روپے کی کمی رکارڈ کی گئی تھی ۔رواں مالی سال اب تک نجی شعبے کی طرف سے بینکوں سے نیا قرض لینے کی بجائے پرانے قرضوں کی واپسی ہی کی گئی جس کے باعث نومبر کے اختتام تک کمرشل بینکوں سے نجی شعبے کے قرضوں کا حجم 36 ارب 48 کروڑ روپے کی کمی سے 81 کھرب 65 ارب 85 کروڑ روپے رہ گیا،اس دوران بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 389 ارب روپے کے اضافے سے 110 کھرب 70 ارب 70 کروڑ روپے ہو گیا ۔نجی شعبے کی طرف سے کاروبار کے لیے قرضوں میں کمی کے باعث نجی شعبے کے قرضوں کی شرح اس دوران بینک ڈپازٹس کے 51 فیصد سے کم ہو کر 48 فیصد رہ گئی۔
رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں کمرشل بینکوں کے ڈپازٹس میں رکارڈ اضافہ ہو گیا
Dec 16, 2020 | 20:43