لاہور(لیڈی رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی رہنماؤں سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی،ڈپٹی سیکر ٹری جنرل ثمینہ سعید،ڈاکٹر حمیراطارق،ڈاکٹرسمیحہ راحیل قاضی،صدروسطی ربعیہ طارق،صدر لاہورڈاکٹر زبیدہ جبیں نے 16 دسمبر یوم سقوط ڈھاکہ اور سانحہ آرمی پبلک سکول کے حوالے سے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب دشمن کی مکاری اور اپنوں کی غداری یکجا ہو جائے تو قوموں کی تاریخ میں سقوط ڈھاکہ جیسے سانحات رونما ہوتے ہیں۔ آج بھی پاکستان سے محبت کرنے والے بنگلہ دیش میں پھانسی کے پھندے چوم رہے ہیں۔ اپنے لہو سے آزادی کے چراغ جلانے والے ہیروز کو زندہ قومیں ہمیشہ یاد رکھتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2015 کو ان زخموں پر نمک پاشی کے لئے دشمن کا دوسرا کاری وار آرمی پبلک سکول کے معصوم نونہالوں کا سفاکی کے ساتھ بہایا ہوا لہو جس کے عوض درجنوں ماؤں کے جگر گوشوں کی جداء کا تاحیات صدمہ قوم کا مقدر بنا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے اس تلخ تجربے سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے ۔