شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) پیپلز پارٹی کے سٹی صدر و ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی سید ندیم عباس کاظمی نے کہا ہے کہ عوام کو موجودہ دورحکومت میں کوئی ریلیف نہیں ملا الٹا مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے معاشی خوشحالی کا خواب دیکھانے والوںنے پاکستان کو معاشی طور پر اتنا کمزور کردیا ہے اور اس کی بنیادیں ہل گئی ہیں، عوام کو اب پھر زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کی نوید سنائی جارہی ہے، ایک طرف قرض لیا جارہا ہے تو دوسری طرف معاشی خوشحالی کے نعرے لگائے جارہے ہیں، اپنے ایک بیان میں سید ندیم عباس کاظمی نے کہا کہ 16 دسمبر وہ سیاہ دن ہے جواپنی بدقسمتی کے حوالے سے ملکی تاریخ میں ہمیشہ یادرکھا جائے گا، سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس اسی دن سے منسلک ہیں 16 دسمبر 1971 کو ملک ٹوٹا اور 16 دسمبر 2014 کو آرمی پبلک سکو ل میں دہشت گردی کا ہولناک واقعہ رونما ہوا جس نے پوری قوم کے دل چھلنی کئے جس میں شہید ہونیوالوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کی عفریت کے سامنے نہیں جھکے گی اور اپنے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دے گی۔
موجودہ دورحکومت میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا :ندیم عباس
Dec 16, 2021