اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) برطانوی ادارے یوگوو کے عالمی سروے میں سابق امریکی صدر بارک اوباما دنیا بھر کی سب سے زیادہ سراہی جانے والی شخصیات میں سرفہرست رہے۔ جبکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی ان نمایاں شخصیات کی فہرست میں شامل ہیں۔ دنیا بھر میں مارکیٹ ریسرچ اور اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والی انٹرنیٹ بیسڈ فرم یو گوو کی رواں سال کے لئے جاری فہرست میں مشعل اوباما نے مسلسل تیسرے سال بھی دنیا کی سب سے زیادہ سراہی جانے والی خاتون کے طور پر اپنی پوزیشن پر برقرار رکھی ہے۔ گزشتہ سال سے ہر صنف کے لیے سب سے اوپر تین پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ بل گیٹس اس فہرست میں مردوں میں دوسرے نمبر پر ہیں جن کے بعد چینی وزیر اعظم ژی جن پنگ ہیں۔ اداکارہ انجلینا جولی دنیا میں سراہی جانے والی خواتین کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس سال کے سروے میں فہرست مرتب کرنے کے لیے 38ممالک اور علاقوں سے 42,000سے ز یادہ افراد سے رائے لی گئی۔ پاکستان سے انسانی حقوق کی علمبردار ملالہ یوسفزئی اور بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اس سال درجہ بندی میں اوپر آئی ہیں اور ان کا بالترتیب 9واں اور 10واں نمبر ہے۔ مردوں میں ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی 11ویں سے 7ویں نمبر پرآ گئے ہیں جبکہ کرسٹیانو رونالڈو چوتھے نمبر پر ہیں۔ خواتین کی فہرست میں اداکارائوں کا حصہ زیادہ ہے۔ ایماواٹسن اور انجلینا جولی جیسی ادکارائوں، گلوکارائوں اور ٹی وی میزبانوں نے سروے میں 10 پوزیشنز حاصل کی ہیں۔