لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں مقامی حکومت کے متعلق پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پیش کر دیا گیا۔ سپیکر نے آرڈیننس متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر کے رپورٹ دو ماہ میں طلب کر لی۔ اجلاس میں سیالکوٹ میں ظلم و بربریت کے نتیجہ میں سری لنکن فیکٹری ورکر پریانتھا کمارا کے وحشیانہ قتل پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ اجلاس حسب معمول ایک گھنٹہ 43 منٹ کی تاخیر سے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں میاں محمد شفیع،سردار نسیم خان بادوزئی، عبداللہ وڑائچ اور پیپلز پارٹی کی شازیہ عابد پر مشتمل چار رکنی پینل آف چیئرمین مقرر کیا گیا۔ اپوزیشن کے رکن سمیع اللہ خان نے نکتہ اعتراض پرر کہا کہ سیالکوٹ میں سری لنکن فیکٹری ورکر کے ساتھ ہونے والی ظلم و بربریت ایک قومی سانحہ ہے۔ ملک میں انتہا پسندی کیا رخ اختیار کرنے جا رہی ہے اس پر بحث کے لئے ایک دن مقرر کیا جائے۔ وزیر قانون نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ یہ انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس میں محکمہ مواصلات کے بارے میں سوالوں کے جوابات میں متعلقہ وزیر سردار آصف نکئی کی جانب سے ایک ہی جواب تھا کہ جیسے ہی فنڈز آئیں گے سڑک کی مرمت یا تعمیر کردی جائے گی، محکمہ نے تسلیم کیا کہ بہاولنگر ضلع کو صوبے کے دیگر اضلاع سے ملانے کے لئے کوئی سڑک نہیں ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مقامی حکومت پنجاب آرڈیننس وزیر قانون راجہ بشارت نے پیش کیا سپیکر نے مسودہ قانون ایریگیشن ڈرینج اینڈ ریورز پنجاب 2021ء پیش کردئیے گئے۔ دونوں بل وزیر قانون راجہ بشارت نے پیش کئے۔ سپیکر نے دونوں بلوں کو متعلقہ قائمہ کمیٹیز کے سپرد کرکے سے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان نے گذشتہ روز تین بلوں کی منظوری دی گئی جن میں ’’اشیاء ضروریہ میں سٹے بازی کی روک تھام پنجاب2021ئ‘ دوسرا ساؤتھ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیرہ غازی خان 2021ء اور تھل یونیورسٹی بھکر 2021ء شامل ہیں یہ تینوں بل کثرت رائے سے منظور کئے گئے، نکتہ اعتراض پر ن لیگ کے رکن اسمبلی میاں نصیر نے کہا کہ کئی ہفتوں سے خاص طور پر سنٹرل پنجاب میں سموگ کی شکل میں ایک خوفناک وبا مسلط ہے۔ یہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 300سو سے اوپر ہے اگر حکومت نے اس پر ہنگامی اقدامات نہ کئے تو لاہور رہنے کے قابل نہیں رہے گا۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس آج بروز جمعرات دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ قبل ازیں اجلاس سے سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ چودھری پرویز الٰہی نے فیصلے پر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے۔