اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا۔ پٹرول اور ڈیزل پر جی ایس ٹی اور ڈیلرز مارجن میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس طرح حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہونے کا کچھ فائدہ اپنے پاس رکھ لیا۔ معاون خصوصی شہباز گل کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 137روپے 62 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 109 روپے53 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 140 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے ایک پیسہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 107 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ پیٹرولیم کی نئی قیمتیں نصف شب سے لاگو ہو گئیں، وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔