لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے اپنی رپورٹ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو بھجوا دی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ دبائومیں آکر فیلڈنگ کے شعبے میں غلطیاں کرتے ہیں تاہم کھلاڑیوں کے فوکس سے متاثر ہوا ہوں۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کنسلٹنٹس میتھیو ہیڈن اور ورنن فلینڈر سے فیڈ بیک مانگا تھا ، دونوں نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کیساتھ کنسلٹنٹس کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میتھیو ہیڈن نے اپنی رپورٹ چیئرمین رمیز راجہ کو بھجوا دی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس پر مزید کام کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ہیڈن کا رپورٹ میں کہنا ہے کہ کھلاڑی ایک یونٹ بن کر کھیلے اور یہ بات نوٹ کی کہ پلیئرز کو جتنا اعتماد دیں اتنا اچھا پرفارم کرتے ہیں، پاکستان ٹیم میں ایک دو میچ ونرز نہیں بلکہ کئی ایک میچ ونرز ہیں۔کرکٹرز کبھی کبھار دبائو میں آکر فیلڈنگ کے شعبے میں غلطیاں کرتے ہیں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں دباومیں فیلڈرز سے غلطیاں ہوئیں فیلڈنگ کے شعبے میں مزید کام کیا جا سکتا ہے، لیکن وہ کھلاڑیوں کے فوکس سے متاثر ہوئے ہیں۔