اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے تحت ملک کی تمام نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر بلاتعطل موبائل نیٹ ورکنگ کی فراہمی کے خصوصی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر تقریبا 30 کروڑ روپے لاگت سے ایم تھری اور اور ایم فائیو کیلئے دو منصوبوں کا اجراء کردیا گیا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بدھ کو منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے شرکت کی اس موقع پر سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔ معاہدے پر دستخط یو ایس ایف کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری اور جاز نیٹ ورک کے چیف کارپوریٹ آفیسر سید فخر احمد اور نائب صدر مدثر حسین نے کیئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ اس اہم پراجیکٹ کے اجراء پر میں وفاقی وزیر سید امین الحق اور یونیورسل سروس فنڈ کا شکر گزار ہوں۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے نہ صرف موٹر ویز اور نیشنل ہائی ویز پر سفر کرنے والے مسافروں کو سہولیات کی فراہمی ہوگی بلکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رابطے اور ریسکیو بھی ممکن ہوسکے گا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولیئات کی فراہمی ہے جس کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگلے 6 ماہ میں سوات اور چترال میں تیز ترین انٹرنیٹ فراہم ہوگا، آئی ٹی سیکٹر کی برآمادات ملک کی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان پوسٹ کا خسارہ ختم کیا۔اپنی گفتگو میں وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا تھا کہ پہلے منصوبے " ایم تھری" کے تحت شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خانیوال اضلاع سے گزرنے والی موٹر وے کے 54.92 کلومیٹر پر بلاتعطل موبائل و براڈ بینڈ بینڈ سروسز فراہم کی جائیں گی۔ جس پر دی جانے والی سبسڈی کی رقم 14 کروڑ سے زائد ہے۔