لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں گیس نہیں پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو رہی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری کے ستائے عوام نااہل حکمرانوں کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ حکمرانوں نے ساڑھے تین سالوں میں اپنے لیے خود گڑھا کھودا۔ قوم کو جھوٹے وعدوں اور دعووں پر ٹرخایا گیا۔ حکمرانوں نے اب تک ایک قدم بھی ملک کو اسلامی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے نہیں اٹھایا۔ سٹیٹ بینک آئے روز شرح سود میں اضافہ کر دیتا ہے۔ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا۔ مافیاز وزیراعظم کے اردگرد بیٹھے ہیں۔ کرپشن اور بیڈ گورننس عروج پر ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں ملک کی نظریاتی اساس پر حملے ہوئے۔ سیکولر اور دین بیزار طبقہ پوری شدت سے معاشرے پر حملہ آور ہے۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں، اہل اور صالح قیادت درکار ہے۔ سالہا سال سے ملک کے ریسورسز کو لوٹنے والوں کا یوم حساب قریب آ گیا ہے۔ لوگ جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں۔ عوام بلدیاتی انتخابات اور آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمرگرہ دیرپائن میں تحریک انصاف کے بانی رکن اور منتخب صوبائی جوائنٹ سیکرٹری ملک رحمان اللہ ایڈووکیٹ کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر ہونے والے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سراج الحق نے خواتین کنونشن سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زور دیا کہ جماعت اسلامی کی خواتین دین کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دین بیزار اور سیکولر طبقہ کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے خواتین اپنا کردار ادا کریں۔ عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومتی وزرا میں اہلیت اور ویژن کی کمی ہے۔ ملک میں نہ گیس ختم ہورہی ہے اور نہ ہی ہمیں وسائل کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جاگیرداروں اور وڈیروں سے نجات حاصل کرنے کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد کرنا ہو گی۔ پی ٹی آئی ساڑھے تین سال سے جب کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ماضی میں مسلسل اقتدار کے مزے لئے، مگر ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوئیں۔