ای وی ایم کی خریداری، کمپنی کا انتخاب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے:وزارت سائنس

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کیلئے کمپنی کا انتخاب صریحاً الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اس عمل میں وزارت سائنس وٹیکنالوجی کی کسی قسم کی پسند یا ناپسند شامل نہیں۔وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ترجمان نے میڈیا پر شائع ہونے والے ایک آرٹیکل کی سختی تردید کی ہے جس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایمز) کی خریداری کے لئے کسی مخصوص کمپنی کے انتخاب پر زور دے رہی ہے۔اپنے وضاحتی بیان میں ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 9 دسمبر کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے 3900 الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کے ساتھ ساتھ پراجیکٹ مینجمنٹ ، تکنیکی معاونت اور خدمات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی ، وزارت نے اگلے روز 10 دسمبر کو الیکشن کمیشن کو مثبت جواب بھی ارسال کر دیا جس میں الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی گئی کہ وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ای وی ایمز اور دیگر خدمات کے لئے اپنا مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنے جوابی مراسلے میں واضح کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کے لئے مقامی یا بین الاقوامی سطح پر ٹینڈرز کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ ترجمان نے کہاکہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو کسی خاص کمپنی کے ساتھ مشروط کرنا سراسر حقائق کے منافی ہے ٗوزارت کا کسی کمپنی کے ساتھ الحاق کے جھکاوکا تاثر دینا بالکل غلط ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ صاف وشفاف طریقے اور کھلی مسابقتی بولی کے ذریعے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری یا کمپنی کا انتخاب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

ای پیپر دی نیشن