کراچی، پولیو قطرے پلانے سے انکار پر پولیس اہلکار نے گولی چلا دی، شہری زخمی

Dec 16, 2021

کراچی (نیوز رپورٹر) نیوکراچی میں پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پرپولیس اہلکار نے شہری کو گولی مار دی، زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق نوجوان کے پیر میں دو گولیاں لگی ہیں جبکہ حالت خطرے سے باہر ہے۔ واقعہ نیو کراچی سیکٹر 5-F اللہ والی مسجد کے قریب پیش آیا،ذرائع کے مطابق والدین کی جانب سے بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر تلخ کلامی ہوئی،اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر کے گن مین کی جانب سے گولی چلائی گئی۔ عوام نے پولیس موبائل کو گھیر لیا جبکہ رینجرز بھی موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ ایس ایس پی سینٹرل نے فوری موقع پر پہنچ لر صورت حال کو کنٹرول کر لیا۔فائرنگ سے زخمی ہونیوالے شہری کی شناخت 35 سالہ عقیل احمد ولد نسیم کے نام سے ہوئی ہے، مضروب کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا  گیا ۔فائرنگ میں ملوث گن مین کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیاہے۔ذرائع کے مطابق نیو کراچی میں پولیس گردی کا نشانہ بن کر گولی لگنے سے زخمی ہونے والا نوجوان عقیل اپنے والد کے ہمراہ پکوان سینٹر پر کام کرتا ہے۔نوجوان نے پولیوں ورکرز سے شکوہ کیا کہ سو سے زائد مرتبہ پولیو کے قطرے پلا چکے ہو دو دن پہلے بھی پلاکر گئے تھے گھر پر کوئی مرد نہیں ہوتا ہمیں کام چھوڑ کر آنا پڑتا ہے میں نہیں پلوارہا اپنے بچوں کو آپ لوگ جاؤ  جس پر پولیس اہلکار نے تلخ کلامی کے بعد اسکو گولی مار کر زخمی کردیا۔ وزیراعلی سندھ نے نیو کراچی سیکٹر  ایف فائیو اللہ والی مسجد کے قریب پولیو ٹیم پر ہونے والے حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ مراد علی شاہ نے واقعے کی تحقیقات کر کے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ میں پولیو ٹیمز سے کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیو کے قطرے ضائع کرنا خلافِ قانون ہے، ہم ہر صورت ملک اور بالخصوص صوبے سے پولیو کا خاتمہ کریں گے۔

مزیدخبریں