اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے 25 ویں آئینی ترمیم کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کر دی ۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اور ایڈوکیٹ جنرل خیبر پی کے نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھا دیا ۔ بدھ کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 25 ویں آئینی ترمیم کے کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل درخواست گزار وسیم سجاد نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا ہے،استدعا ہے کہ عدالت پہلے کیس کے میرٹ سن لے پھر ساتھ ہی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی فیصلہ کر دے،عدالت وقت دے دے آئندہ سماعت پر کیس کے میرٹ پر دلائل دونگا۔ عدالت عظمی نے وکیل درخواست گزار کی استدعا منظور کر تے ہوئے آئندہ سماعت تک کا وقت دیکر قرار دیا ہے کہ درخواست گزار اپنے دلائل کا خلاصہ عدالت میں جمع کرائیں۔