لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے مطالبے پرتونسہ کو ضلع کا درجہ کیلئے فوری اقدام کیا ہے۔ پرویزالٰہی سے ڈیرہ غازی خان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ میں نے 2005ءمیں تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کی حتمی منظوری بھی میں نے دی ہے۔ ارکان اسمبلی نے تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔ علاوہ ازیںصدر علوی اور وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت جلاس میں خصوصی افراد کیلئے سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں خصوصی افراد کی رجسٹریشن کے لئے نادرا کے ساتھ اشتراک کار کا فیصلہ کیا گیا۔ صدر نے کہا کہ نابینا اور باہم معذوری کے حامل افراد کا درست ڈیٹا جمع کرنا ضروری ہے۔ درست ڈیٹا ہو گا تو خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے کاموں کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔ صدر نے عام سکولوں میں بھی خصوصی افراد کی تربیت کے حوالے سے علیحدہ ٹیچرز مقررکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے خصوصی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں اور تربیت سے ان کی صلاحیتیں نکھر سکتی ہیں۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں ریمپس بنا کر خصوصی افراد کے لئے سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔ ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹے پر عملدرآمد سے خصوصی افراد کو بہت ریلیف ملے گا۔ خصوصی افراد نے کئی میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے خصوصی افراد کے لئے موثر اقدامات قابل تعریف ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ 2003ء میں، میں نے خصوصی افراد کیلئے علیحدہ محکمہ بنایا ہے۔ پنجاب میں خصوصی افراد کیلئے 170 ادارے قائم کئے اور خصوصی بچوں کیلئے فری ٹرانسپورٹ مہیا کی۔
پرویزالٰہی
پرویز الہیٰ نے تونسہ کو ضلع کا درجہ دے دیا،خصوصی افراد کو سہولتوں کا جائزہ
Dec 16, 2022