اسلام آباد+ میانوالی (خبرنگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نامہ نگار) شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خودکش حملے میں پاک فوج کے حوالدار سمیت 2 افراد شہید جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بازار میں موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے خود کو سکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دیا۔ شہید ہونے والے حوالدار محمد امیر کا تعلق میانوالی سے تھا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے دہشت گردی کی باقیات کے خاتمے تک کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ میران شاہ میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ ساری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔ وزیراعظم نے بیان میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لئے ہمارے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے واقعہ میں شہید ہونے والے جوانوں کے خاندانوں کےساتھ اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام کا خون بہانے پر ان مجرموں کو کڑی سزا دی جائے گی۔ دریں اثناءوزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے شمالی وزیر ستان میں خود کش دھماکے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ اقدامات ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خود کش دھماکے کی مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے حوالدار محمد امیراور ایک عام شہری کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہارکیا ہے اور خیبر پی کے میں امن وامان کی صورتحال پر صوبائی حکومت سے تشویش کا اظہارکیا ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے۔ ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں گے۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ وطن کی خاطر جان دینے والوں کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ساتھ کھڑی ہے۔ انکی جرات کو سلام۔ شہید حوالدار حافظ امیر کا تعلق میانوالی کے نواحی علاقہ طاہر آباد خانواہ سراجیہ سے ہے۔ شہید پاک آرمی کی کور 37 پنجاب رجمنٹ میں حوالدار تھے۔ میران شاہ گردان چوک میں دہشت گردوں نے فوجی دستے پر حملہ کیا۔ شہید کی میت آج طاہر آباد لا کر تدفین کی جائے گی۔
جوان شہید
میر انشاہ:خودکش حملہ،حوالدار سمیت 2شہید:دہشتگردوں کا پیچھا کریں گے:صدر،وزیر اعظم،رانا ثنا
Dec 16, 2022