چوراین آراو کی گنگا میں دھل کر پاک ہورہے ہیں،پھر ملک لوٹیں گے عمران

Dec 16, 2022


لاہور اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چوروں کو این آر او ٹو دیکر ملک پر اصل ظالم کیا گیا۔ عمران خان نے کوئٹہ کے اے ایس ایف طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی ان کو پکڑنے لگتے ہیں، باہر بھاگ جاتے ہیں، انہوں نے پہلے مشرف سے ڈیل کی اور اب باجوہ سے ڈیل کی۔ نواز شریف واپس آنے کیلئے پر تول رہا ہے۔ نواز شریف نیلسن منڈیلا بنا ہوا ہے کہ میرے ساتھ بہت ظلم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں انصاف نہیں ہے۔ جو معاشرہ ظلم اور ناانصافی کا مقابلہ نہیں کرتا وہ مر جاتا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اللہ نے ہم پر جہاد اس لئے فرض کیا ہے کہ ہم ظلم و ناانصافی کے سامنے کھڑے ہوں۔ ہم نے وہ پاکستان بنانا ہے جو اپنے پیروں پر کھڑا ہو۔ عمران خان نے کہا کہ میں صرف اور صرف اپنی قوم کے مستقبل کے لئے نکلا ہوا ہوں۔ یہ بھی کوئی مستقبل نہیں ہے کہ میں ویزا لیکر باہر چلا جا¶ں گا۔ آپ کو بجائے باہر بھاگ جانے کے اس ملک کیلئے کام کرنا چاہئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چور این آر او کی گنگا میں دھل کر پاک ہو رہے ہیں۔ آج کسان سڑکوں پر ہے، پیداوار نیچے آ گئی ہے۔ چوروں کو اوپر لاکر بٹھا دیا گیا۔ ملک بھر کے طلباءسے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا ملک پر اصل ظلم جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے چوروں کو این آر او ٹو دے کر کیا۔ چوروں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا۔ اب سارے کرپٹ این آر او کی گنگا میں دھل کر پاک ہو رہے ہیں۔ مقصود چپڑاسی کیس میں مفرور سلمان شہباز بھی واپس آ گیا، ہمیں لیکچر دے رہا ہے۔ جبکہ نواز شریف واپسی کیلئے پر تول رہے ہیں۔ زرداری پر کرپشن کیسز ختم ہوئے، ان کی بہن بھی پاک ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ چوروں کو این آر او ٹو دیکر ملک پر اصل ظلم کیا گیا، یہ واپس آ گئے اور پھر ملک کو لوٹیں گے۔ سندھ جانتا ہے دونوں بہن بھائی ہر چیز میں کمیشن لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں طاقتور وڈیرے غریب ہاریوں پر جانوروں کی طرح شدید ظلم کرتے ہیں۔ عمران خان کی زیر صدارت جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ عمران خان نے ارکان اسمبلی سے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں پر رائے دی۔ ارکان اسمبلی نے ایوانوں سے نکلنے اور اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کی تائید کی۔ عمران خان نے ارکان اسمبلی کو انتخابات کی تیاریاںشروع کرنے کی ہدایت کی۔ مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے عمران خان سے 24 گھنٹے میں دوسری ملاقات کی۔ پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے انور ابراہیم کو ملائشیا کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرے تاخیر سے مگر اپنے رفیقِ عزیز انور ابراہیم کو ملائشیا کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عمران خان سے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں نے ملاقات کی۔ قرآن کی تلاوت و تحقیق میں عالمی سطح پر پہنچان بنانے والے حسن علی کاسی، انتیس گولڈ میڈل لے کر قومی ریکارڈ بنانے والے ڈاکٹر ولید بھی شریک ہوئے۔ تین سال کی عمر میں مائیکروسافٹ سرٹیفکیٹ لینے والی بہنیں عریش فاطمہ اور عائشہ فاطمہ بھی شریک ہوئیں۔ نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف اور سراز خان، گیمنگ انڈسٹری میں ملک کا نام روشن کرنے والے ارسلان صدیقی، دنیا میں کم عمر ترین موٹیویشنل سپیکر حماد صافی نے شرکت کی۔
عمران

مزیدخبریں