کراچی(کامرس رپورٹر)الجزائر کے سفیر براہیم رومانی نے الجزائر اور پاکستان کی تاجر برادری کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری میں مزید تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ الجزائر دنیا کے بڑے ممالک میں سے ایک ہونے کے ناطے تجارت و سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے لہٰذا پاکستانی سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ تعاون کی راہیں تلاش کریں اور الجزائر میں ایک ایسے کاروباری ماحول میں صنعتی یونٹ قائم کریں جہاں نہ صرف اپنے لئے بلکہ افریقا اور خلیجی خطے کو برآمدات کے لیے سامان تیار کر سکتے ہیں۔ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور یہ الجزائر کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا بہترین وقت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا (بذریعہ زوم)، سینئر نائب صدر کے سی سی آئی توصیف احمد، نائب صدر کے سی سی آئی محمد حارث اگر، چیئرمین ڈپلومیٹک مشن اینڈ ایمبیسیز لائژن کمیٹی ضیاءالعارفین اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی شریک تھے۔سفیر نے کہا کہ الجزائر کا سفارتخانہ پاکستان میں تاجر و صنعتکار برادری کو مکمل سہولت فراہم کرے گا جو اپنے الجزائری بھائیوں کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو بہتر بنانے کے خواہش مند ہیں،الجزائر اور پاکستان کے درمیان یکجہتی، افہام و تفہیم اور تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے لیکن دوطرفہ تجارتی تعاون غیر تسلی بخش ہے کیونکہ تجارتی حجم کم ہے جو برادرانہ اور تاریخی تعلقات کی عکاسی نہیں کر رہا اور یہ بات تشویشناک ہے کہ الجزائر اور پاکستان تجارتی حجم میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے جس کے لیے دونوں طرف سے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ہم اتنا کم تجارتی حجم دیکھنے کے متحمل نہیں ہو سکتے اس لیے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور شراکت داری کرنی ہوگی نیز تاجر برادری کے درمیان زیادہ سے زیادہ رابطے استوار کرکے دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون کو بہتر بنانا ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ دونوں برادر ممالک کی تاجر برادری کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے بزنس کونسل کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے جا رہے ہیں جو تاجر برادری کو م¶ثر طریقے سے مربوط کرے گا اور تجارتی وفود کے تبادلے کو فروغ دے گا نیز دونوں ممالک کی معیشتوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو برق رفتاری کے ساتھ کاروباری ویزے جاری کیے جا رہے ہیں جس کو نئی پالیسی کے مطابق الجزائر کی وزارت خارجہ سے کسی مشاورت کی ضرورت نہیں ہے۔تاجروں کو ویزا جاری کرنا خالصتاً میرا اختیار ہے اور میں نے الجزائر کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون کو تلاش کرنے کی منتظر تاجر برادری کو ایک سال کے اندر 120 کاروباری ویزے جاری کر چکاہوں۔
الجزائر سفیر