کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) کے منتخب چیئرمین محمدمہرعلی نے کہا ہے کہ چمڑے کی صنعت پاکستان کی غیر ملکی زرمبادلہ کمانے والی دوسری بڑی صنعت ہونے کی وجہ سے ملکی معیشت میں اسکا کردار انتہائی اہم ہے اورموجودہ نامساعد حالات میں بھی چمڑے کے ایکسپورٹرز ملک سے چمڑے کی مصنوعات برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ کما کر پاکستان میں لارہے ہیں۔محمدمہرعلی نے گزشتہ روزپی ٹی اے کے مرکزی آفس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ٹینری ایسوسی ایشن کے ممبران کو کیمیکل امپورٹ کرنے اوربیرون ممالک ہونے والی لیدر ایگزیبیشنز میں شرکت کیلئے بے شمار مشکلات کا سامنا ہے، ٹینری کے زیراستعمال کیمیکل بھاری مقدار میں بندرگاہ پرکلیئرنس کے انتظار میں پڑا ہوا ہے اوراگر یہ کیمیکل ریلیز نہ کیاگیا توٹینری کی صنعت کا پہیہ جام ہونے کا اندیشہ ہے، امپورٹرزکو درآمد شدہ کیمیکلزبندرگاہ پر رک جانے سے ڈیمرج کی مد میں بھاری نقصان کا سامنا ہے،ہمارا حکومت سے مطالبہ کہ فوری طور کیمیکل ریلیز کیا جائے تاکہ چمڑے کی مصنوعات کے آرڈرز بروقت پورے کئے جاسکیں۔چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پی ٹی اے ممبران کو بیرون ممالک ایگزیبیشنز میں شرکت کیلئے اسٹیٹ بینک ریمیٹنس جاری نہیں کررہا جس کی وجہ سے بیرون ممالک ہونے والی نمائشوں میں پی ٹی اے کے پویلین کینسل ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے اجلاس میںمستقبل میں دنیا بھر کی لیدر انڈسٹری کی صنعت کی بہتری کے لئے پی ٹی اے کا وژن بھی پیش کیا اور بتایا کہ ہمارا6 نکاتی ایجنڈاہے کہ ہم ریسرچ سیل ،بین الاقوامی وابستگی،سالانہ عشائیہ ،سوشل میڈیا ،میڈیا کوآرڈینیشن اورمرکزی قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی کو مضبوط بنائیں گے۔
ٹینرز ایسوسی ایشن